یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبہ سے منایا جا رہا، چیئرمین جوائنٹ سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی قوم کو مبارکباد
ملک بھر میں یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، 28 مئی کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں 28 مئی کو یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے، آج کے دن چاغی کے مقام پر پاکستان نے ایک کے بعد ایک 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا گیا، 28 مئی کو وطن عزیز کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے 7 ممالک کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان نے بھارت کے 14 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کا بھرپور جواب دیا، ایٹمی دھماکوں سے وطن دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا گیا۔وزیر اعظم نے آج یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا جس کے تحت تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیمی اداروں اور بینکوں میں بھی چھٹی ہو گی، تعلیمی بورڈز میں آج شیڈول پرچے ملتوی کر دیئے گئے۔
یوم تکبیر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ موقع 1998ء میں پاکستان کے ایٹمی تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، ایٹمی تجربات نے خطے میں کم سے کم ڈیٹرنس طاقت کا توازن پیدا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی سربراہان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مسلح افواج اور قوم مشکلات کے باوجود قابل ذکر کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خواب کو حقیقت میں بدلنے والے تمام سائنسدان، انجینئرز اور حکام قوم کی تحسین کے لائق ہیں۔مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین دن پر پاک افواج مادر وطن کی خود مختاری اور وقار کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں ہر لمحہ اور ہر قیمت پر قوم کا دفاع یقینی بنایا جائے گا، انشااللہ پاکستان زندہ باد۔