سراپا شفقت و عنایت ماؤں کی عظمت کو سلام، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کیا ہے۔ماؤں کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ "ماواں ٹھنڈیاں چھاواں” سراپا شفقت و عنایت ماؤں کی عظمت کو سلام، مدر ڈے غزہ اور کشمیر کی پرعزم اور حوصلہ مند ماؤں کے نام۔
مریم نواز نے کہا کہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند راحت وسکون ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کو ماں کی محبت سے تشبیہ دے کر درجہ بلند کر دیا، ماں سچے جذبے اور رشتے کا نام ہے، مائیں خاندان کا سنگ بنیاد اور معاشرت کا ستون ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مدر ڈے ماؤں کی غیر معمولی محبت اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا دن ہے، مدر ڈے پر اور ہر روز اپنی عظیم ماں کی کمی محسوس کرتی ہوں، ہمیشہ والدہ محترمہ کلثوم نواز کی محبتوں کی شکر گزار رہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ والدہ محترمہ کی دعاؤں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں، ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔