پی ایس ایل 9، اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں پہنچ گئی، پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 9 کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 186 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے 73 اور محمد حارث نے 40 رنز کی اننگز کھیلیں۔ان کے علاوہ بابراعظم 25 ، ٹام کھولر کیڈمور 18 اور رومین پاول 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی تین وکٹیں 21 رنز پر گرچکی تھیں اور الیکس ہیلز ایک، آغا سلمان 5 اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
مارٹن گپٹل 34 اور اعظم خان نے 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد عماد وسیم اور حیدر علی نے ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور زلمی کو شکست دیکر رواں سیزن کے فائنل میں جگہ بنائی۔
عماد وسیم نے 59 اور حیدر علی نے 29 گیندوں پر52 رنز کی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان فائنل کل بروز پیر کو ہوگا۔