دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اپنے بیان میں محسن نقوی نے میر علی کے قریب سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر شدید اظہار مذمت کیا اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے دوران شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوانوں کی بہادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وطن عزیز کے امن کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا ہمارا افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور دکھ کی گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔