پی ایس ایل 9، لاہور قلندرز پہلی جیت حاصل کرنے میں کامیاب
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 9 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے کر رواں سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔وین ڈرڈوسن 64 اور شاہین آفریدی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 2، فخر زمان 10،شائے ہوپ 6، سکندر رضا 4 اور احسن حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ڈیوڈ ویزا 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 2، نسیم شاہ، حنین، عماد اور شاداب نے ایک ایک وکٹ لی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
کراچی کنگزکی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےخلاف فتح کے بعد لاہور قلندرزپلےآف سے باہر ہوگئی ہے۔ ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،پشاور اور کوئٹہ 9،9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔اسلام آباد کا چوتھا نمبر ہے۔کراچی 6 پوائنٹس کے پانچویں اور لاہور قلندرز کا آخری نمبر ہے۔