آئرلینڈ نے افغانستان کو شکست دیکر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی
آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ میں اولین فتح اپنے نام کر لی۔ابوظبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے تیسرے دن افغانستان نے دوسری نامکمل اننگز 134رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔کپتان حشمت اللہ 2 رن کے اضافے سے 55رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ، رحمان اللہ گرباز 46 رنز بنا کر لوٹ گئے پھر ایک ایک کر کے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 218رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، نوید زدران 25 رنز بناسکے۔
آئرلینڈکی جانب سے مارک ایڈئیر نے دوسری اننگز میں 3 اور میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔آئرلینڈ کو تاریخی کامیابی کے لیے 111 رنز کا ہدف ملا ۔ اس سے قبل افغانستان پہلی اننگز میں 155 اور آئرلینڈ 263 رنز بناسکی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈکی 8 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں، اسکور 13 ہوا تو تیسرا کھلاڑی بھی پویلین پہنچ گیا ،ایسی مشکل صورتحال میں کپتان اینڈی بال برائن ڈٹ گئے ،پہلے پال اسٹرلنگ نے 14 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا پھر لورکن ٹکر نے کپتان کے ساتھ ٹیم کو ٹیسٹ میں اولین فتح دلوا دی۔بالبرائن 58 اور ٹکر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں آئرلینڈ نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔آئرلینڈکے لیے تاریخی ٹیسٹ میچ کے پلیئر آف دی میچ مارک ایڈئیر بنے۔