بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فلسطین پر قبضہ غیر قانونی، اسرائیل کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ ے گا، پاکستان

پاکستان نے فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلا کا مطالبہ کردیا۔عالمی عدالت انصاف میں جمعہ کو فلسطینی علاقوں غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس  پر اسرائیل کے 57 سالہ قبضے کے خلاف سماعت ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے دلائل دیے گئے۔ عالمی عدالتِ انصاف میں نگران وزیرِ قانون و انصاف احمد عرفان اسلم نے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت فلسطینیوں کا حقِ خودارادیت تسلیم کر چکی ہے۔

احمد عرفان اسلم  نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دو ریاستی حل سے ہی یہ تنازع ختم ہوسکتا ہے ، فلسطینی اور اسرائیلی ریاستوں کی موجودگی دونوں اکائیوں اور خطے کے امن کی ضمانت ہے۔عالمی عدالت میں پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبضہ ایک غیر قانونی عمل ہے جس کے قانونی نتائج کا سامنا اسرائیل کو کرنا پڑے گا۔

نگران وزیرِ قانون و انصاف احمد عرفان اسلم  کا کہنا تھا کہ بیت المقدس تینوں بڑے مذاہب کیلئے مقدس شہر ہے۔مغربی کنارے، غزہ،مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ غیرقانونی ہے، اسرائیل فلسطین سے فوری طور پر اپنی فوج نکالے، امید ہے عدالت اس قبضے کے خلاف فیصلہ سنائے گی۔

مزید پڑھیے  سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا
Back to top button