خیبر پختونخوا پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گرد ہلاک کردیے جبکہ آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوا۔ ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی نجم الحسنین لیاقت نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں دہشت گرد آپریشن کے دوران ہلاک کیے گئے۔
تاہم آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ٹانک اور ڈی آئی خان میں پولیس پر حملے اور اسلحہ چھیننے میں ملوث تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں تھانہ چوہدوان پر حملے میں ملوث دہشت گردوں تک پہنچ چکے ہیں، تھانے پر حملے میں ملوث دہشت گردوں میں سے 6 کا تعلق درابن اور 4 کا دیگر علاقوں سے تھا۔