پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ساتھ چلنے کی دعوت دیدی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی، پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزیراعظم کا ووٹ دینے کے لیے بھی حمایت مانگ لی۔اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی، مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفدکا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سمیت تحفظات پر بھی گفتگو ہوئی۔پی ٹی آئی وفد نے عمران خان کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا، وفد نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور اپوزیشن میں ساتھ چلنےکی دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی نے عمرایوب کی بطور وزیر اعظم امیدوار کے لیے بھی حمایت مانگ لی۔اس سے قبل اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے اسدقیصرکا کہنا تھا کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنےکا ٹاسک دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد
مولانا فضل الرحمان نے وفد کا استقبال کیا
پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر ، عامر ڈوگر، بیرسٹرسیف، فضل محمد ، عمیر نیزی سمیت دیگر شامل
جےیوآئی کے انجنئیر ضیاء الرحمان،سینیٹر طلحہ محمود، اسلم غوری، مفتی روزی خان،… pic.twitter.com/cYdBHeb5Ph
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) February 15, 2024
اسدقیصرکا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پی ٹی آئی سے اختلافات رہے ہیں، ہمیں ان کے جسموں سےکوئی مسئلہ نہیں، ان کے دماغوں سے مسئلہ ہے، وہ ٹھیک ہوجائیں گے،اگر کوئی سمجھتا ہےکہ دھاندلی ہوئی تو ساتھ آجائے، اگر کوئی سمجھتا ہےکہ دھاندلی نہیں ہوئی تو وہ بیٹھ جائے اور عیاشی کرے۔