چوہدری شجاعت کی اڈیالہ جیل میں چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اڈیالہ جیل میں اپنےکزن اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔ملاقات میں چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع اور چوہدری وجاہت شامل تھے۔ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کے درمیان 2 گھنٹے 40 منٹ ملاقات جاری رہی، ملاقات میں پرویز الہٰی کی صحت، جیل میں سہولیات اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات میں خاندانی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے ترجمان مصطفٰی ملک نے چوہدری شجاعت حسین کی چوہدری پرویز الہٰی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ یہ غیر سیاسی ملاقات تھی، اس کو سیاسی رنگ دینا غلط ہے۔
مصطفیٰ ملک نے کہا کہ ملاقات میں سیاسی صورت حال پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی میں بہت محبت کا رشتہ ہے، ملاقات خاندانی روایات کے تحت ہوئی ہے، چوہدری پرویز الہٰی کی صحت کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین اور فیملی کو تشویش لاحق تھی ۔