قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ۔ چھ نکاتی ایجنڈے پر غور
نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ہدایت دی ہے کہ پسماندہ اضلاع کی فہرست مرتب کرنے کے لیے مقرر کردہ معیار کا ازسر نو جائزہ لے کر اسے بہتر کیا جائے تاکہ ملک کے تمام پسماندہ اضلاع کی اس فہرست میں شمولیت یقینی ہو۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ مالی سال 25-2024 کے لیے ترجیحات و رہنما اصول منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ میں صوبائی نوعیت کے منصوبوں کی شمولیت کے بجائے صرف نئے انضمام شدہ اضلاع اور 20 پسماندہ اضلاع کے ترقیاتی منصوبے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔
قومی اقتصادی کونسل نے رواں مالی سال میں ترقیاتی اعشاریوں کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس کو پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔