غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، شہید فلسطینوں کی تعداد 20 ہزار ہو گئی
غزہ پر اسرائیلی حملے 75 ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے۔عرب نیوز کے مطابق فلسطینی حکام نے شہدا کی تعداد 20 ہزار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہدا میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار 200 خواتین شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے آج رفح میں اسپتال کے نزدیک فضائی حملہ کیا، خان یونس اور جبالیہ کیمپ میں بھی بمباری کی جس میں 85 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
بمباری کے باعث غزہ میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز ایک بار پھر بند ہوگئیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کا کہنا ہےکہ غزہ میں پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ دنوں میں متعدد بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ یونیسیف کے مطابق غزہ میں بچوں کو ضرورت کا صرف 10 فیصد پانی میسر ہے، غزہ میں بچے، ان کےخاندان غیرمحفوظ ذرائع سے آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
یونیسیف کا کہنا ہےکہ بچوں کو صاف پانی کی قابل ذکر فراہمی زندگی موت کا مسئلہ ہے،صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے سے بچوں کے مرنے اور امراض پھیلنےکا خدشہ ہے۔دوسری جانب صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹوپروٹیکٹ جرنلسٹس کی صدر جوڈی گینزبرگ نے مطالبہ کیا ہےکہ غزہ میں صحافیوں کو بظاہر جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی تحقیقات کی جائیں۔
جوڈی گینزبرگ کا کہنا ہےکہ غزہ میں واضح طور پر صحافتی سامان سے لیس ہونے کے باوجود صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، صحافیوں کے قتل میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ صحافی عام شہری ہیں اور جنگ میں شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔رپورٹ کے مطابق غزہ میں7 اکتوبر سے اب تک کم ازکم 68 صحافی، میڈیاورکر مارے جاچکے ہیں۔