پی سی بی کی جانب سے ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لیے 36 لاکھ روپے انعام
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے نیپال میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی فاتح پاکستان وہیل چیئر ٹیم کو 36 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا ہے۔
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کپ میں لگاتار دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پی سی بی کھیل کے ایک اہم حصے کے طور پر اس کامیابی کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ ان تمام صلاحیتوں کے حامل افراد کو سپورٹ بھی کرتا ہے۔
اس موقع پر ذکا اشرف نے چیئرپرسن پاکستان وہیل چیئر کرکٹ رخسانہ راجپوت، منیجر زوار نور، اسسٹنٹ منیجر جاوید بابر اور کپتان محمد ذیشان سمیت فاتح اسکواڈ کو سراہا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم آپ تمام کھلاڑیوں اور وہیل چیئر کرکٹ منیجمنٹ پر فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ آپ تمام لوگ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کو زیادہ گراؤنڈز اور ٹریننگ کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے وہیل چیئر ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ آپ پاکستان کے سفیر ہیں اور ہمیں اس بات پر بہت زیادہ خوشی ہے کہ آپ نے اپنی حوصلہ مندی اور مہارت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ایشیا کپ کے ٹائٹل لگاتار دو مرتبہ جیتے ہیں۔