اقوامِ متحدہ اورعالمِ اسلام کی قیادت زبانی جمع خرچ کے بجائے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکیں، لیاقت بلوچ
نائب امیرجماعت اسلامی کا آزادی فلسطین مارچ سے خطاب، صحافیوں سے گفتگو
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ، عالمِ اسلام کی قیادت زبانی جمع خرچ کے بجائے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکیں، او آئی سی سربراہ کانفرنس نے مِلتِ اسلامیہ کو مایوس کیا ہے۔
اسلام آباد میں آزادی فلسطین مارچ سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین غزہ میں ہولناکیوں، ستم ظریفیوں سے مغربی مادہ پرستانہ اور سرمایہ دارانہ تہذیب کا ہر کربناک، انسانیت دشمن گوشہ بے نقاب ہوگیا ہے اور انسانیت تباہی کے آخری کنارے پر پہنچادی گئی ہے۔ غزہ فلسطین میں ظلم امریکہ، برطانیہ اور صیہونیت کے ساتھ اِس کے حواریوں، بزدلوں کے گلے کا ہار بنے گا۔ عالمِ اسلام کی بے حِس قیادت نے”عرب بہار”کے بعد ”مسلم بہار”کی بنیاد رکھ دی ہے۔ مسلم بیداری ذلت اور بے حمیتی کا خاتمہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ، عالمِ اسلام کی قیادت بے حسی، زبانی جمع خرچ ترک کرکے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔ اسرائیلی جارحیت جنگی جرائم کی انتہا ہے۔ مسئلہ فلسطین صِرف فلسطینیوں کے حقِ آزادی کی بنیاد پر حل ہونا چاہیے۔ غزہ میں انسانی امداد، خوراک، پانی، ایندھن، طبی امداد بِلاتعطل فراہم کی جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسرائیل صیہونیت کی ناجائز ریاست، ناجائز بچہ ہے۔ اسرائیل کا تسلط عالمِ اسلام کے خلاف برطانوی سازش تھی۔ ناجائز اسرائیل کا خاتمہ امنِ عالم کے لیے ناگزیر ہے۔ او آئی سی سربراہ کانفرنس نے مِلتِ اسلامیہ کو مایوس کیا ہے۔ عالمِ اسلام کا ہر فرد، ہر نوجوان جہاد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمِ اسلام میں حکمرانوں کے خلاف نفرت، بغاوت "مسلم بہار” کی نوید بن جائے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد کے بعد 19 نومبر کو لاہور کا غزہ مارچ عالمِ اسلام کے مضطرب مسلمانوں کو نیا جوش، ولولہ اور مِلتِ اسلامیہ کے حوصلوں اور استقامت کو جِلا بخشے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، یورپی ممالک کی سرپرستی میں غزہ فلسطینیوں پر اسرائیلی صیہونی مسلط قیامت نے عرب اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو بے نقاب کردیا ہے۔ اِس وقت پوری مِلتِ اسلامیہ پکار رہی ہے، اے مسلم حکمرانو! تمہیں کس چیز کا انتظار ہے؟ 19 نومبر غزہ مارچ لاہور مِلتِ اسلامیہ کے پاکیزہ جذبات کا ترجمان ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی اور غیراسلامی ممالک میں موجود صیہونیت کے خفیہ حامیان اور مسلمانوں کے بھیس میں منافقین کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، اب علامہ اقبال کے انقلابی افکار کے مطابق مِلتِ اسلامیہ کو بیدار رہنا ہوگا۔ 19 نومبر غزہ مارچ لاہور عالمِ اسلامی کو جھنجھوڑنے اور ملتِ اسلامیہ کو بیدار رکھنے کے لیے عالمِ اسلام میں احتجاج کی نئی لہر لائے گا۔مِلتِ اسلامیہ کو خبردار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جب تک اقوامِ عالم سے اِس نام نہاد جمہوریت، ناپاک قوم پرستی اور ذلیل ملوکیت کی لعنتوں کو مٹایا نہ جائے گا، اور جب تک اِنسان اپنے عمل کے اعتبار سے الخلق عیال اللہ کے اصول کا قائل نہ ہوجائے گا، جب تک جغرافیائی وطن پرستی اور رنگ و نسل کے امتیازات کو نہ مٹایا جائے گا، اس وقت تک انسان اِس دنیا میں فلاح و سعادت کی زندگی بسر نہ کرسکے گا اور خدمت، حریت اور مساوات کے شاندار الفاظ شرمندہ تعبیر نہ ہوں گے۔سید مودودی کی مومنانہ بصیرت کا حوالہ دیتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایک وقت آئے گا جب کمیونزم خود ماسکو میں اپنے بچائو کے لئے پریشان ہوگا۔ سرمایہ دارانہ ڈیموکریسی خود واشنگٹن اور نیویارک میں اپنے تحفظ کے لئے لرزہ براندام ہوگی۔ نسل پرستانہ الحاد خود لندن، پیرس کی یونیورسٹیوں میں جگہ پانے سے عاجز ہوگا۔ نسل پرستی اور قوم پرستی برہمنوں اور جرمنوں میں اپنا معتقد نہ پاسکے گی اور آج کا یہ پرفتن دور تاریخ انسانی میں محض ایک داستانِ عبرت کی حیثیت سے باقی رہ جائے گا۔