بجلی یونٹ 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کا فیصلہ
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کے لیے بجلی یونٹ 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈسکوز کی درخواست پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈسکوز کی درخواست پر ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کوبھجوایا جا رہا ہے اور منظوری کے بعد قواعد کے مطابق اضافے کا اطلاق ہوگا۔
نیپرا نے بتایا کہ صارفین کو اکتوبر 2023 سے مارچ 2024 تک 6 ماہ کے دوران ادائیگی کرنا ہوگی اور یہ چوتھی سہ ماہی کی مد میں کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہاگیا کہ اس اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔نیپرا کے مطابق کے-الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 3 روپے 28 پیسے مہنگی کردی جائے گی اور مطلوبہ رقم 6 ماہ کے دوران وصول کی جائے گی۔