بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا گارڈ آف آنر لینے سے انکار، سپریم کورٹ آمد پر عملے نے استقبال کیا

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بطور چیف جسٹس اپنے پہلے روز بغیر پروٹوکول اپنی ذاتی گاڑی پر سپریم کورٹ پہنچے

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گارڈ آف آنر لینے سے انکار کردیا،سپریم کورٹ کے عملے نے چیف جسٹس کی آمد پر استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔

بطور چیف جسٹس پہلے دن سپریم کورٹ آمد کے موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد پولیس کو اپنی ذمہ داری دل جمعی سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا جانا تھا، پولیس نے سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کو بھی گارڈ آف آنر دیا تھا۔چیف جسٹس نے گارڈ آ ف آنر لینے سے انکار کیا اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا بہت سا تعاون چاہیے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سپریم کورٹ آمد کے موقع پر عملے کی جانب سے استقبال کیا گیا، چیف جسٹس کے داخل ہوتے ہی ہال تالیوں سے گونج اٹھااور گلدستہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سپریم کورٹ خوشی سے نہیں آتے، اپنے مسائل ختم کرنے کے لئے آتے ہیں، لہذا آنے والے لوگوں سے مہمان جیسا سلوک کریں۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ یقینا کچھ لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے، انصاف کے دروازے کھلے اور ہموار رکھیں اور آنے والے لوگوں کی مدد کریں،، میری میٹنگز اور فل کورٹ ہے ،آپ لوگوں سے تفصیل سے ملوں گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بطور چیف جسٹس اپنے پہلے روز بغیر پروٹوکول سپریم کورٹ پہنچے، وہ اپنی ذاتی گاڑی میں عدالت آئے۔

مزید پڑھیے  جسٹس منیب اختر کی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سے معذرت
Back to top button