بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

آسڑیلوی وزیراعظم کے دورہ چین کی تصدیق

آسٹریلیا کے وزیر اعظم نے چین کے وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کے بعد تصدیق کی ہے کہ وہ رواں سال کے آخر میں چین کا دورہ کریں گے جب کہ برسوں کی کشیدگی کے بعد چینی وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ دو طرفہ تعلقات بحال کرنے کے لیے تیار ہے۔رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم کی جانب سے یہ بیان انڈونیشیا میں منعقدہ ساؤتھ ایسٹ ایشیا سربراہی اجلاس کی سائڈ لائن کے موقع پر آسٹریلوی درآمدات پر چینی پابندیوں سمیت سیاسی اور معاشی معاملات پر تعلقات میں برسوں کے وقفے کے بعد سامنے آیا ہے۔

انتھونی البانی نے چینی وزیر اعظم لی کیانگ کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ میں نے چینی صدر کی جانب سے دی گئی دورے کی دعوت قبول کرلی ہے، رواں سال کے آخر میں باہمی طور پر متفقہ وقت پر چین کا دورہ کروں گا۔2016 کے بعد کسی آسٹریلوی وزیر اعظم کا چین کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ نے رپورٹ کیا کہ لی کیانگ نے انتھونی البانی سے کہا کہ چین، آسٹریلیا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بحال کرنے کے لیے کام کرنے پر تیار ہے، رپورٹ میں ان مخصوص شعبوں کا ذکر نہیں کیا گیا جن میں تعلقات اور تبادلے کی بحالی کی بات کی گئی۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسفک خطہ دونوں ممالک کا مشترکہ گھر ہے اور بیجنگ خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ بیجنگ نے مجوزہ دورے کا خیر مقدم کیا ہے اور مضبوط و مستحکم چین-آسٹریلیا تعلقات دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کے حق میں ہیں۔انتھونی البانی نے دورے کی دعوت پر چینی صدر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ لی کیانگ کے ساتھ ان کی بات چیت تعمیری اور مثبت رہی، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم ملاقات تھی، میں نے چینی وزیر اعظم سے کہا کہ جہاں ہو سکے، ہم تعاون جاری رکھیں گے، جہاں اختلاف ہو، وہاں اختلاف رکھیں گے اور اپنے قومی مفاد کے لیے تعلقات برقرار رکھیں گے۔آسٹریلوی وزیر اعظم نے آخری بار شی جن پنگ سے نومبر میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔

اشتہار
Back to top button