بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی

پاکستان کے جیولن تھروور ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے  ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کو پہلا میڈل دلوا دیا۔ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے سلور میڈل جیتا، وہ گولڈ میڈل جیتنے والے بھارت کے نیرج چوپڑا سے آدھے میٹر سے بھی کم فرق کی وجہ سے دوسرے نمبر پر رہے۔

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولین تھرو فائنل میں ارشد ندیم نے تیسری باری میں 87.82 میٹرز کی تھرو کی جو تمام 6  تھروز میں سے ان کی سب سے بہترین تھرو تھی تاہم وہ 88.17 میٹر کی تھرو کرنے والے بھارت کے نیرج چوپڑا کو پیچھے نہ چھوڑ پائے ۔

ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 74.80، دوسری تھرو میں 82.81، تیسری تھرو میں 87.82 ، چوتھی میں 87.15 جبکہ چھٹی تھرو میں 81.86 میٹر تک جیولن پھینکا ۔ پانچویں باری میں ان کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا تھا۔

ارشد اور نیرج  کے درمیان آخری تھرو تک گولڈ کیلئے کشمکش رہی، جب چوتھے نمبر پر آنے والے جولین ویبر نے اپنی آخری تھرو 79.01 میٹر کی، کی تو اس کے ساتھ ارشد ندیم کا میڈل یقینی ہوگیا اور پھر جیکب ویڈلیج بھی ارشد ندیم کو پیچھے چھوڑنے میں ناکام رہے۔

آخری باری میں ارشد ندیم کو 88.17 میٹر سے بڑی تھرو کرنا تھی لیکن انہیں اس میں کامیابی نہ ملی اور ان کی آخری تھرو 81.86 میٹر کی رہی جس کی وجہ سے نیرج چوپڑا گولڈ اور ارشد ندیم سلور میڈل کے حقدار قرار پائے ۔

ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بھی بن گئے۔جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج برانز میڈل کے حقدار قرار پائے ہیں ۔ارشد ندیم کی 87.82 میٹر کی تھرو اس سیزن میں ان کی بہترین تھرو ہے ۔

اشتہار
Back to top button