ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان رواں سال مارچ میں تعلقات کی بحالی کے بعد اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان پہلے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔
چین کی ثالثی میں طویل عرصے تک کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے تھے اور اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول دیے تھے۔ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کشیدگی 2016 میں اس وقت شدت اختیار کرگئی تھی جب تہران میں سعودی سفارت خانے پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا تھا، جس سے قبل ریاض کی جانب سے معروف عالم دین نمر النمر کا سرقلم کردیا گیا تھا۔
ایران کی سرکاری خبرایجنسی ارنا نے رپورٹ میں بتایا کہ وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر ریاض کے ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں سعودی عرب کے بائبل وزیرخارجہ نے ان کا استقبال کیا۔رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
سرکاری خبرایجنسی نے رپورٹ میں بتایا کہ حسین امیر عبداللہیان دورے میں اپنے سعودی ہم منصب اور دیگر اہم عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔حسین امیر عبدااللہیان کے ہمراہ وفد میں سعودی عرب میں تعینات نئی ایرانی سفری اور دیگر بھی شریک ہیں۔ایران نے رواں برس مئی میں علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا تھا، جو اس سے قبل کویت میں سفیر کی خدمات انجام دے رہے تھے۔