حکومت پنجاب کے زیر اہتمام واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری لانے اور نکاسی ءآب کے انتظام کو موثر بنانے کے لیے تحصیل نورپورتھل میں میگا پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) پنجاب رورل میونسپل سروس کمپنی تحصیل نورپور تھل کے مینیجر شاہد اسلم نےکہاہےکہ ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کے زیر اہتمام واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری لانے اور نکاسی ءآب کے انتظام کو موثر بنانے کے لیے تحصیل نورپورتھل میں میگا پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ وہ نور سیٹھ ثمر سلطان ، ایم نوردین اور راجہ نورالہیٰ عاطف کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکہء زراعت توسیع تحصیل نورپورتھل ملک محمد نواز چدھڑ، بی سی سی آفیسر تحصیل نورپورتھل ملک عبدالواحد سگو ، اسسٹنٹ مینیجر تنویر مارتھ، اسسٹنٹ مینیجر ماحولیات طلحہ علیم، اسسٹنٹ مینیجر شعیب کبیر، ٹیکنو کنسلٹنٹ محمد کامران اور نمبردار ملک ساجد عباس بگھور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت زیادہ تر کام واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے حوالے سے پنجاب کے دیہاتی علاقوں میں کیا جائے گا۔ جس کی تکمیل سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا ۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 290۔755 ملین خرچ ہوگاجو سات ماہ میں مکمل کیا جائے گا ۔
شاہد اسلم کے مطابق اس عوام دوست منصوبے کے بنیادی مقاصد میں واٹر سپلائی ، نکاسی آب اور صحت و صفائی کے نظام میں توسیح کرنا، دیہاتیوں کے لیے پانی کی ضروریات پوری کرنا ،لوگوں کے رویے میں تبدیلی، حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہی، مضر صحت پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خاتمہ اور کوڑا کرکٹ کا خاتمہ شامل ہیں ۔
مینیجر پی آر ایم ایس سی نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے اس منصوبے کی لانچنگ سے علاقہ تھل میں روزگار کے بھی بہترین مواقع میسر ہوں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے حکومت پنجاب فیز ون کے تحت تحصیل نورپورتھل کی 11 یونین کونسلوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے اس پراجیکٹ کو مکمل کرے گی ۔