این ٹی اسٹرائیک نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریزجیت لی
میچ کی خاص بات این ٹی اسٹرائیک کے جیک ووڈ کی شاندار سنچری تھی جنہوں نے 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے صرف 59گیندوں پر101 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے
این ٹی ( ناردن ٹیریٹری ) اسٹرائیک نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان شاہینز کو 46 رنز سے شکست دیدی۔
اس میچ کی خاص بات این ٹی اسٹرائیک کے جیک ووڈ کی شاندار سنچری تھی جنہوں نے 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے صرف 59گیندوں پر101 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ چھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں این ٹی اسٹرائیک نے اپنے تمام چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ۔
پاکستان شاہینز نے فائنل سے قبل پانچ میں سے چار میچ جیتے تھے ۔ اتفاق سے اسے اپنے پہلے میچ میں این ٹی اسٹرائیک ہی نے 59 رنز سے ہرایا تھا۔
اتوار کو ڈارون میں کھیلے گئے فائنل میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان شاہینز 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 139 رنز بناسکی۔
این اسٹرائیک کی پہلی وکٹ اگرچہ صرف 16 رنز پر گرگئی تھی لیکن اس کے بعد جیک ووڈ اور جیسن سانگھا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 71رنز کا اضافہ کیا۔ سانگھا تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے33 رنز بناکراحمد منہاس کی وکٹ بنے لیکن جیک ووڈ کسی بھی بولر کے قابو میں نہ آئے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی۔ انہوں نے فیصل اکرم کے ایک اوور میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ وہ اننگز کے اختتام پر 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔
59گیندوں پر مشتمل اس جارحانہ اننگز میں 5چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
جیک ووڈ اس سیریز میں سب سے زیادہ 227 رنز بناکر سرفہرست رہے۔
پاکستان شاہینز کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں شاویز عرفان کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان شاہینز کی میچ پر گرفت کمزور ہوتی چلی گئی ۔کپتان روحیل نذیر 5 وہاج ریاض4 شامل حسین 23 اور عرفان خان24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو اسکور 5 وکٹوں پر صرف72 رنز تھا۔
عرفات منہاس 41 رنز کے ساتھ پاکستان شاہینز کے ٹاپ اسکورر رہے جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
این ٹی اسٹرائیک کی طرف سے براڈی سائمنز نے 16 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز اب 8 اگست کو پاپوا نیوگنی کے خلاف اور 9 اگست کو این ٹی اسٹرائیک کے خلاف پچاس اوورز کا میچ کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
این ٹی اسٹرائیک۔ 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) جیک ووڈ 101ناٹ آؤٹ ۔ جیسن سانگھا33 ۔
پاکستان شاہینز ۔ 139 رنز7 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) عرفات منہاس 41 ۔ محمد عرفان خان 24۔شامل حسین 23 ۔براڈی سائمنز 16 / 3 وکٹ۔