انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر ایلکس ہیلز کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، تینوں فارمیٹ کے 156 میچوں میں ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، ایلکس ہیلز
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر ایلکس ہیلز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ایلکس ہیلز نے کرکٹ لیگز کی خاطر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کانٹریکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔جمعہ کو ایلکس ہیلز نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، تینوں فارمیٹ کے 156 میچوں میں ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔
ایلکس ہیلز نے کہا کہ مجھےاس بات کی خوشی زیادہ ہےکہ انگلینڈ کے لیے میرا آخری میچ ورلڈکپ فائنل جیتنا تھا، انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد دنیا بھر میں فرنچائز کرکٹ بدستور کھیلتا رہوں گا۔
واضح رہے کہ ایلکس ہیلز نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 ٹیسٹ،70 ایک روزہ اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔34 سالہ ایلکس ہیلز نے ٹیسٹ کرکٹ میں 573، ون ڈے میں 2 ہزار 419 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 2 ہزار 74 رنز اسکور کیے۔ایلکس ہیلز گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی انگلینڈ ٹیم کا حصہ تھے، انگلش ٹیم نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹرافی اٹھائی تھی۔