آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن حمزہ خان کی ملاقات
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن محمد حمزہ نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی جی ایچ کیو میں محمد حمزہ خان سے ملاقات ہوئی جس میں سپہ سالار نے نوجوان چیمپیئن کو ملک کے لیے اعزاز لانے کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہم سب کے قابل فخر ہیں، آپ کی عظیم کامیابی اس قوم کی عظیم صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج ملک میں ینگ ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی اور انہیں تعلیمی حصول کے ساتھ کھیلوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرتی رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہاکہ ہمارے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور توجہ، لگن اور محنت کے ساتھ ایسا کچھ نہیں جو پاکستان حاصل نہیں کرسکتا۔