وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر ایرانی وزیر خارجہ دورہ پاکستان پر پہنچ گئے
ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرینگے
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر ایران کے وزیرخارجہ حسین عبداللہیان دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
حسین عبداللہیان کی آمد سے قبل وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ ان کے بلاول بھٹو زرداری سے دو طرفہ تعلقات اور خطے کے ابھرتے ہوئے حالات سمیت وسیع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفترخارجہ نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اتفاق رائے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورے میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کریں گے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ہوگا، جس میں علاقائی رابطوں، توانائی اور پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
قبل ازیں ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور اور تجارت، سڑکوں اور شہری ترقی، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی وغیرہ کی وزارتوں کے سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر خارجہ کے دورہ سے متعلق تیاریوں کے لیے ملاقاتیں کیں۔