بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

بلوچستان کے ضلع پنگجور میں موسلا دھار بارشوں، سیلاب کے نتیجے میں مزید 5 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں موسلا دھار بارشوں، سیلاب کے نتیجے میں مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پنجگور میں سیلاب کے باعث مکمل بھرنے کے بعد ڈیمز خطرے میں ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق حب ڈیم میں 339 فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے وہ مکمل بھر چکا ہے، اس میں مزید پانی کی گنجائش نہیں ہے۔

واپڈا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دریا حب میں سیلاب کے سبب قریب رہنے والے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ پنجگور، قلات، خضدار، نصیر آباد، کچھی، آواران، حب، لسبیلہ، سبی، جھل مگسی اور دیگر کئی علاقوں میں بڑی تعداد میں کچے مکانات گرگئے جس سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے، پنجگور میں تین روز سے جاری بارش کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے اور سیکڑوں مکانات تباہ ہو گئے۔

پنجگور کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پنجگور کے مختلف علاقوں کے تمام ڈیم بھر گئے اور سپل ویز کھول دیے گئے ہیں، مزید کہا کہ نیوان ڈیم کا سپل وے پانی کے زیادہ دباؤ کی وجہ سے تباہ ہو گیا۔

حب اور لسبیلہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ اور سبی کے درمیان ٹریفک رابطہ بحال نہیں ہوسکا۔

اشتہار
Back to top button