غیر شرعی نکاح کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 26 جولائی تک ضمانت
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 جولائی تک ضمانت منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج غیر شرعی نکاح کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیرمین پی ٹی آئی جج قدرت اللہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو کہا کہ آپ ضمانتی مچلکوں کا حکم آج کریں تو ہم جمع کریں گے، کیس پر آج بھی دلائل دینے کو تیار ہوں لیکن 26 کو ہمیں جواب الجواب میں سن لیں تو ہم قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں گے، جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے آپ ہی کو سننا ہے۔
اس دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جج نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی نے کن وجوہات پر استثنیٰ کی درخواست دائر کردی؟ شیر افضل مروت نے کہا کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک کے لیے گئی ہیں ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہورہی ہیں۔
شیر افضل مروت نے پوچھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سماعت کے دوران حاضری ضروری تو نہیں؟ دریں اثنا عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے 30 ہزار مچلکوں کے عوض چیئرمین پی ٹی آئی کی 26 جولائی تک ضمانت منظور کرلی، علاوہ ازیں عدالت نے بشریٰ بی بی کی بھی 30 ہزار مچلکوں کی عوض 26 جولائی تک ضمانت منظور کرلی۔