جنرل عاصم منیر سے سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی ملاقات، علاقائی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے آج راولپنڈی میں جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دورے پر آنے والے جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف اور تعریف کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ اس ملاقات سے محض چند روز قبل دونوں ممالک نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گرد حملوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے سے روکے۔