موسلادھار بارش اور طوفانی سیلاب کے بعد اپر اور لوئر چترال میں رین ایمرجنسی نافذ
حکومت خیبرپختونخوا نے موسلادھار بارش اور طوفانی سیلاب کے بعد اپر اور لوئر چترال میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔
صوبے کے کچھ علاقوں میں گزشتہ روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کی نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔
بارش دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی، جس کے نتیجے میں ضلع میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور چترال میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی جو پُل، سڑکیں اور مویشیوں کو بہا لے گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں 26 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ فوری ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں شروع کر سکیں۔
لہذا صوبائی حکومت نے فوری طور پر 2 اضلاع میں رین ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ 15 اگست تک ہوگا تاکہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تباہ شدہ مواصلاتی نیٹ ورک اور پانی کی فراہمی کی مکمل بحالی ہوسکے۔