گورنر سندھ کا کراچی میں روٹی دو روپے کی فراہم کرنے کا اعلان
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نےکراچی میں 300 تندوروں کے ذریعے سستی روٹی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےگورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سستی روٹی کے لیے کراچی میں 300 تندور لگانےکا اعلان کیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں 300 تندور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 10ہزار طلبا آئی ٹی کورس میں شرکت کے لیے ٹیسٹ دے رہے ہیں، آئی ٹی پروگرام کی تکمیل کے بعد نوجوانوں کو روزگار ملےگا، 5 لاکھ نوجوانوں نے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کی جانب سے بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینےکا وعدہ خوش آئند ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سافٹ ویئر ہاؤسز سے متعدد میٹنگز کی ہیں، وہ کورسز کرنے والے نوجوانوں کو 5 لاکھ تک کی ملازمت دینےکو تیار ہیں۔