حکومت پنجا ب مائینز ورکرز کی فلاح و بہبود کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے، ابراہیم حسن مراد
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)صوبائی وزیر معد نیا ت و کان کنی پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ حکومت پنجا ب مائینز ورکرز کی فلاح و بہبود کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے اور حکومت مائینز ورکرز کی فلا ح بہبود کے کئی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا دورہ خوشاب بھی اس سلسلہ کی کڑی ہے۔صوبا ئی وزیر معد نیات مائینز لیبر ویلفیئر ہسپتال خوشاب کے معائنہ کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔قبل ازیں انہوں نے مائینز لیبر ویلفیئر ہسپتال میں 30کلو واٹ سولر سسٹم کا افتتاح کیا اور مائینز لیبر ویلفیئر کمشنر پنجاب ریاض احمد چوہدری نے صو بائی وزیر کو بریفنگ دی۔چوہدری ریاض احمد نے بتایا کہ مائینز ہسپتال میں 30کلو واٹ سولر سسٹم کی تنصیب پر90لاکھ روپے خر چ ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں پی ایم ڈی سی سالٹ مائینز وڑچھہ واٹر سپلائی سکیم جس کا افتتاح آج کیا جا رہا ہے اس پر تقریبا 85لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
صوبا ئی وزیر معدنیات کے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا،مائینز لیبر ویلفیئر کمشنر پنجاب ریاض احمد چوہدری،میڈیکل سپر ٹنڈنٹ مائینز لیبر ویلفیئر ہسپتال خوشا ب ڈاکٹر محمد سلیم انور،اسسٹنٹ مائینز لیبر ویلفیئر کمشنر سر گودہا ریجن /خوشاب ملک ہمایو ں محسن آہیر،مائینز لیبر ویلفیئر آفسیر سید فضل عباس شیرازی،سابق ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان کے علاوہ مائینز او نر ز شجاع الرحمن ٹیپو،محترمہ سلمیٰ صابر،ملک جاویداقبال اعوان سابق ایم پی اے،ملک سعدبشیراعوان اور خواجہ پرویز اشرف بھی وہاں موجود تھے۔صو بائی وزیر نے مائینز ریسکیو ورز کی ڈرل ایکسر سائز کا معا ئنہ کیا اور انکی محنت وکا وش کو سراہا۔صوبائی وزیر نے مائینز ہسپتال میں مریضوں کی عیا دت کی۔مائینز لیبارٹری میں جد ید ایکو ئمنٹس کا بھی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر معدنیات نے مائینز کمپلیکس کے احاطہ میں شجرکاری مہم کا پودا بھی لگایا۔صوبا ئی وزیر سے ہڑ تالی واحتجا جی سرکاری ملازمین نے ملاقات کی۔سرکاری ملازمین نے حکومت پنجاب سے وفاقی حکومت کی طرز پر سکیل 16تک کے ملازمین کی رننگ پے پر 35فیصد اور پنشنرز کو ساڑھے سترہ فیصد اضافہ کی منظوری کے علاوہ لیو انکیشمنٹ کا حالیہ نوٹیفیکشن منسوخ کرنے کے مطالبات کئے جس پر صوبائی وزیر نے ان کے تمام مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر معدنیات سے مائینز اونرز نے بھی ملا قات کی اور انہوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا صوبائی وزیر نے ان کے مطالبات بھی اعلیٰ حکام سے حل کروانے کا وعدہ کیا۔بعدازاں صوبائی وزیر نے تحصیل قائدآباد میں 85لا کھ روپے پی ایم ڈی سی سالٹ وڑچھہ کی واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا اور وڑچھہ مائینز کا وزٹ بھی کیا۔