بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

برصغیر کے نامور صوفی بزرگ حضرت سخی بابا سیدن شاہ بخاری کے سالانہ عرس کی تقریبات کا انعقاد

خوشاب(راجہ نورالہی عاطف سے) برصغیر کے نامور صوفی بزرگ حضرت سخی بابا سیدن شاہ بخاری کے سالانہ عرس کی تقریبات کا انعقاد ۔ ممتاز عالم دین علامہ شیر محمد سیالوی سمیت نامور علماء ےکرام مولانا قاری محمد اسماعیل سیالوی، مولانا حاجی محمد رمضان سالک زادہ اور مولانا حق نواز چشتی کی خصوصی طور پر شرکت ۔ نامور صوفی بزرگ حضرت سخی بابا سیدن شاہ بخاری کے سالانہ عرس کی تقریبات کا انعقاد نورپور تھل میں ان کے مزار پر کیا گیا ۔ اس موقع پر قرآت و نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل منعقد کی گئیں ۔ عرس تقریبات کا باقاعدہ آغاز ممتاز عالم دین علامہ شیر محمد سیالوی نے دیگر علماء کرام کے ہمراہ مزار حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری پر چادر چڑھا کر کیا ۔ عرس تقریبات کی تمام نشستوں کے نقابت کے فرائض مولانا حاجی محمد رمضان سالک زادہ نے بطریق احسن سر انجام دیے ۔ اس موقع پر معروف قاری اسد اللہ خان نیازی نے قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت کی سعادت حاصل کی جبکہ سرور کائنات، فخر موجودات ،سیدنا حضرت محمد مصطفی ا احمد مجتبی ا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حضور گہاءے عقیدت معروف نعت خواں حضرات نے پیش کیے ۔

مقررین نے بزرگان دین کی خدمات پر تفصیلا” روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر علامہ شیر محمد سیالوی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں دین متین کی ترویج کے لیے دیگر بزرگان دین کے ساتھ ساتھ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری کی دینی خدمات بھی لائق تحسین ہیں ۔ اولیاءے کرام نے اسلامی تعلیمات کی ترویج کے لیے مثالی کردار ادا کیا ۔ہمیں ان کی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا ہونا چاہیے ۔ عرس تقریبات میں سابق وائس چیئرمین بلدیہ نواب احمد حیات مغل اور ایڈووکیٹ مہررکن عالم سمیت مختلف شعبہ ہاءے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ آخر پر ملک و قوم اور عالم اسلام کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔

اشتہار
Back to top button