سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیئے،اسحاق ڈار نے قوم کو خوشخبری سنادی
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیئے ہیں۔اسلام آباد میں مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2ارب ڈالر ڈیپازٹ کردئیے ہیں، سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں کریڈٹ آچکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، اپنی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت بالخصوص خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ سعودیہ حقیقی بھائی کی طرح اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے 2 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ کرانے سے فارن ایکسچینج ریزرو بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، پاکستان کے معاملات بہتری کی طرف آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈویلپمنٹ ہوں گی، پاکستان کے معاملات استحکام کی طرف آ چکے ہیں، مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی طرف جائیں گے۔
اسی حوالے سے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ رقم کی اس آمد سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ 14 جولائی 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہو گا۔