چوہدری پرویز الہیٰ دوبارہ زیر حراست، ایف آئی اے نے گن مین کو بھی پکڑ لیا
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کو دوبارہ حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہیٰ کو عدالت میں پیش کرنےکے لیےگرفتار کیا ہے، انہیں منی لانڈرنگ کےکیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ٹیم نے چوہدری پرویز الہیٰ کے گن مین محمد زمان کو بھی گرفتار کیا تھا، جسے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم محمدزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ محمد زمان صدر پی ٹی آئی پرویز الہیٰ کا کیش بوائے اور فرنٹ مین ہے، محمد زمان چوہدری پرویز الہیٰ کی غیر قانونی رقم کے لین دین،ترسیل میں ملوث ہے، چوہدری پرویز الہیٰ کو ایف آئی اے نے اسی مقدمے میں محمد زمان کی نشاندہی پرگرفتار کیا ہے۔ایف آئی اے نے ملزم محمد زمان کے موبائل فون سے اہم شواہد حاصل کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔