پاکستان کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، ڈونلڈ بلوم
امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار ہے، پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکا پاکستان "سبز اتحاد” کے ذریعے مضبوط دو طرفہ اقتصادی شراکت داری مستحکم کرنے کیلئے کراچی کا دورہ کیا۔
امریکا کی 247 ویں یوم آزادی کی تقریب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور قونصل جنرل ٹیریو نے گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر سیاسی، کاروباری اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ سےملاقات میں ڈونلڈ بلوم نے پاک امریکا تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے کے مواقع اور دیگر مشترکہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
اوورسیزانویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، امریکن بزنس کونسل اور دیگر صنعتی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک ہے۔
امریکی سفیر نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کمانڈ سینٹر کا بھی دورہ کیا اورکام کوسٹ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل راجا رب نواز سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں میری ٹائم امن اوراستحکام کیلئے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی کے دورے کے موقع پر نیول اکیڈمی میں شروع ہونے والی مشق کا مشاہدہ بھی کیا۔