شدید گرم موسم، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بالائی فضا میں زیادہ دباؤ کی موجودگی کی وجہ سے 20 جون سے 24 جون تک ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
بیان کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے اوقات کا درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
جاری ایڈوائزری کے مطابق اس دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں پارہ معمول سے دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران ملک کے میدانی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں مختلف مقامات پر گردوغبار اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی تجویز کیا کہ وہ گرمی کی بڑھتی شدت کے مطابق فصلوں کے لیے پانی کا انتظام کریں۔
اس میں ایڈوائزری میں عوام الناس کو مشورہ دیا گیا کہ وہ غیر ضروری طور پر براہ راست سورج کی تپش میں جانے اور اس کا سامنا کرنے سے گریز کریں اور مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ ایڈوائزری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے ہے جب کہ پڑوسی ملک بھارت ان دنوں گرمی کی شدید لہر کا شکار ہے جب کہ ملک کے کچھ حصوں میں گزشتہ چند روز سے شدید گرمی کی لہریں دیکھنے میں آرہی ہیں جہاں کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے بھی تجاوز کر گیا اور اس دوران شمالی اتر پردیش میں 54 اور مشرقی بہار میں 44 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے ملک کی کئی ریاستوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی اور بہار کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا۔
بھارت کی کئی ریاستوں نے جھلساتی گرمی کی وجہ سے اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں اضافہ کردیا ہے۔
طبی جریدے ’دی لانسیٹ‘ کی جانب سے گزشتہ سال شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں 2000 سے 2004 اور 2017 سے 2021 کے درمیان گرمی کی وجہ سے ہونے والی اموات میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔