ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائٹڈ کو شکست دیدی
فٹبال ایسوسی ایشن چیلنج (ایف اے) کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائٹڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔میچ کے دوران مانچسٹر سٹی کی جانب سے دونوں گول الکائی گونڈوگان نے کیے جبکہ انہوں نے صرف 13 سیکنڈ میں گول کرکے ایف اے کپ میں تیز ترین گول کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
جرمن فٹبالر الکائی گونڈوگان سے قبل تیز ترین گول کا ریکارڈ لوئس ساہا کے پاس تھا، انہوں نے 2009 میں چیلسی کے خلاف 25 سیکنڈ میں گول کیا تھا۔142 ویں ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر کی دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں جبکہ فائنل جیتنے کے بعد مانچسٹر سٹی انگلینڈ کی فٹبال کی تاریخ میں ایک لیگ کے بعد ایف اے کپ ٹرافی جیتنے والی تیرہویں ٹیم بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ مانچسٹر سٹی کی ٹیم انگلینڈ کی فٹبال کی تاریخ میں امر ہونے کیلئے صرف ایک قدم پیچھے رہ گئی ہے کیونکہ وہ پریمیئر لیگ پہلے ہی جیت چکی ہے، اب فٹبال ایسوسی ایشن کپ کے بعد انہوں نے اپنی نظریں اپنے پہلے چیمپئنز لیگ کے ٹائٹل پر جما لی ہیں۔