ریسکیو آفس نور پور تھل کی بروقت کارروائی، نوجوان کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ریسکیو آفس تحصیل نورپورتھل کی ٹیم کی بروقت کارروائی سے سدھاتھل کے نوجوان کو دیوار اور مٹی کے ملبے سے زندہ نکال لیاگیا، عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے زبردست خراج تحسین۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب انجینئر حافظ عبدالرشید کےمطابق ریسکیو کنٹرول روم کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی کہ پلواں روڈ سے ملحقہ موضع سدھا تحصیل نور پور تھل میں دس فٹ گہرے کنویں کی صفائی کے دوران موضع سدھا کا 23 سالہ نگاہ حسین کنویں کی اچانک دیوار گرنے کے سبب دیوار اور مٹی کے نیچے دب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم تحصیل نور پور تھل کو جائے حادثہ پر روانہ کروایا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر بروقت پہنچ کر امدادی کاروائی شروع کرتے ہوئے مٹی کے نیچے دبے ہوئے نگاہ حسین کو زندہ نکال لیا اور موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کرنا شروع کردی موقع پر موجود اہل علاقہ نے ریسکیو ٹیم کی بروقت کاروائی کو بے حد سراہا جس کے سبب ایک قیمتی جان بچا لی گئی۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو فرسٹ ایڈ فراہم کرتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال نورپورتھل منتقل کر دیا۔