بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جیل میں قید خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کررہے ہیں، محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عمران خان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین سے بدسلوکی سے متعلق پراپیگنڈا کیا جارہا ہے،جیل میں قید خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کررہے ہیں۔محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جناح ہاؤس حملے میں جو ملوث ہوا خواہ جتنا بھی با اثر ہو اسے نہیں چھوڑاجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک عمران خان کی نظربندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی خواتین قیدیوں سے متعلق تحریک انصاف کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا ، ان میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں ، 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا تھا کہ خبریں آرہی ہیں کہ خواتین سے جیلوں میں زیادتی ہوئی ہے، عدلیہ سوموٹو ایکشن لے اور خواتین کو رہا کرائے۔

ویڈیو لنک سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ہفتے کی رات کو  رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کے بعد شک نہیں رہا ، ہمیں خبریں آرہی تھیں ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا گیا، رانا ثناکی پریس کانفرنس نے خواتین سے غیرانسانی سلوک پرشبہات دورکردیے۔

اشتہار
Back to top button