بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ترکیہ میں صدر کے انتخاب کیلئے دوسرے مرحلے کی پولنگ آج ہو گی

ترکیہ میں صدارت کیلئے  رجب طیب اردوان اور  مخالف امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو  آج پھر آمنے سامنے، صدر کے  انتخاب کے دوسرے مرحلے میں ’رن آف الیکشن‘ کیلئے پولنگ آج ہوگی۔ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب  میں ووٹر  ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم  کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا اور انتخابی عمل  دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔

پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار  پر  5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ  50 فیصد ووٹ حاصل نہ  کرپائے،وہ پہلے مرحلے میں  49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر  پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ  پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے ہیں، ترک قوانین کے مطابق گزشتہ انتخابات میں 5 فیصد ووٹ حاصل کرنے والی پارٹی صدارتی امیدوار نامزد کر سکتی ہے یا پھر ایسا شخص جس کی نامینیشن کو ایک لاکھ لوگوں کی دستخط کے ساتھ حمایت حاصل ہو وہ صدارتی امیدوار بن سکتا ہے۔

قانون کے مطابق جو امیدوار برتری کیساتھ 50 فیصد ووٹ حاصل کرلے گا وہ صدر منتخب ہو جائے گا تاہم 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوتی ہے۔

Back to top button