پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ
حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سمیت پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 10 رہنماؤں کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے۔امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نو رہنماؤں اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے پاسپورٹ "منسوخ اور غیر فعال” کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے جن رہنماؤں کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں، ان میں پی ٹی آئی کے مزکری رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور، علی محمد خان، فرخ حبیب، عون عباس اور زرتاج گل شامل ہیںپی ٹی آئی رہنماؤں کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا سفارتی پاسپورٹ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے یہ تمام سیاستدان عمران خان کی کابینہ کا حصہ تھے، جب وہ 2018-2022 تک اقتدار میں تھے۔یاد رہے وفاقی حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت 80 سے زائد افراد کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیا تھا، ان افراد کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔
لسٹ میں شامل افراد میں مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری، اسد قیصر، یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔