عمران خان کی گرفتاری پر اقوام متحدہ کا ردعمل
سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان کی صورتحال پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتیرس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے تمام فریقین کو تشدد سے باز رہنے کی اپیل کی ہے۔ترجمان کے مطابق انتو نیوگوتیرس نے پُر امن اجتماع کے حق کا احترام کرنے پر اور عمران خان کے خلاف قانون کی عمل داری میں قوانین کے احترام پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عسکری اداروں کے بیان بازی سمیت دیگر کیسز میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں ہائیکورٹ میں رینجرز کی بھاری نفری نے عمران خان کو حراست میں لیا۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔