بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

القادر ٹرسٹ کیس، عمران خان کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ

القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جہاں نیب کی جانب سے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

احتساب عدالت کو سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر پولیس لائنز اسلام آباد میں منتقل کیا گیا ہے جہاں گیسٹ ہاؤس کو عدالت کا درجہ دیا گیا ہے، علاوہ ازیں آج ہونے والی توشہ خانہ کیس کی سماعت بھی پولیس لائنز منتقل کی گئی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر مذکورہ کیس کی سماعت کر رہے ہیں، عمران خان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے، اُن کے وکلا خواجہ حارث، فیصل چوہدری و دیگر بھی عدالت میں موجود ہیں، دوران سماعت نیب کی جانب سے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے نیب کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کیس نیب کے دائرہ کار میں نہیں آتا، ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے انکوائری رپورٹ بھی شیئر نہیں کی۔

انہوں نے کیس کی اوپن کورٹ سماعت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کو مقدمے کی منصفانہ سماعت کا حق ہے۔

نیب پراسکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ روز عمران خان کو حراست میں لیے جانے کے وقت انہیں وارنٹ گرفتاری دکھائے گئے تھے۔

تاہم عمران خان نے نیب پراسکیوٹر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے وارنٹ گرفتاری حراست میں لیے جانے کے وقت نہیں بلکہ نیب کے دفتر لے جا کر دکھائے گئے تھے۔

عمران خان کے وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ کیس کی متعلقہ دستاویزات شیئر کی جائیں جس پر نیب پراسکیوٹر نے یقین دہانی کروائی کہ اس حوالے سے ضروری دستاویزات کی نقول عمران خان کے وکلا کی ٹیم کے حوالے کی جائیں گی۔

دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو القادر ٹرسٹ کیس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ برطانیہ سے پاکستان رقم منتقلی کا کیس ہے، برطانیہ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے رقوم سے متعلق تحقیقات کیں، برطانیہ سے موصول ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع نہیں کروائی گئی بلکہ پاکستان میں وصول شدہ اس رقم سے متعلق بحریہ ٹاؤن سے غیر قانونی سمجھوتہ کیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کو بھی گفتگو کا موقع دیا، عمران خان نے عدالت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 24 گھنٹے سے واش روم نہیں گیا، میرے معالج ڈاکٹر فیصل کو بلایا جائے، چاہتا ہوں کہ میرے ساتھ مقصود چپراسی والا کام نہ ہو، یہ انجیکشن لگاتے ہیں اور بندہ آہستہ آہستہ مر جاتا ہے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت کی جانب سے عمران کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو اب سے کچھ دیر بعد سنائے جانے کا امکان ہے۔

اشتہار
Back to top button