بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے سعودی سفیر کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات پر بات چیت

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان سے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی جس میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سعودی نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہاہے۔اس سال چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر داخلہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہرممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔

Back to top button