مفتی عبدالشکور کی موت حادثہ، دہشتگردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا، وزیر داخلہ
قومی اسمبلی میں مرحوم وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کو قومی اعزاز دینے سے متعلق قرارداد منظور کر لی گئی۔قرارداد وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مفتی عبدالشکور کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ کے تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں، مفتی عبدالشکور کی ملی، دینی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مفتی عبدالشکور نے تمام عمر دین اسلام اور مخلوق خدا کی خدمت کیلئے صرف کی۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مفتی عبدالشکور کی آئین پاکستان اور جمہوریت کیساتھ وابستگی بھی لائق تحسین رہی، فاٹا میں امن کے قیام میں انہوں نے بہترین کردار ادا کیا جس پر تحسین پیش کرتے ہیں، حج 2022ء 23 کے حوالے سے ان کی خدمات اور پاکستانیوں کیلئے حج پیکیج میں رعایت، سہولیات پر بھی مفتی عبدالشکور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو حادثہ ہوا، دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا، اب تک کی تحقیقات کےمطابق یہ ایک حادثہ تھا، واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔