بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی۔ خورشید احمد خان مروت

چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد خورشید احمد خان مروت نے فریدون اکرم شیخ اور سید مناف کمشنرز آر ٹی او کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیمبر اور آرٹی او کے نمائندگان پر مشتمل ایک ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دیں گے جو ہر ماہ اپنا اجلاس منعقد کر کے ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار اد اکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کے تعاون سے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کی ادائیگی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی او ایس سسٹم جاری رہے گا اور اس بات پر زور دیا کہ چیمبر مزید کاروباری اداروں کو اس سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی بجٹ تجاویز تیار کر کے آر ٹی او اسلام آباد کو بھیجے جو ایف بی آر بورڈ کو بھیجی جائیں گی تا کہ ان پر عمل درآمد کیلئے غور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نظام میں رجسٹر کرنا چاہتے ہیں لہذا چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز ان کوششوں میں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیف کمشنر آر ٹی او کو تاجر برادری کے ٹیکس مسائل سے آگاہ کیا اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے مفید تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی او ایس کے بارے میں کاروباری اداروں کے ساتھ مساویانہ سلوک کیا جائے ورنہ پی او ایس سے منسلک موجودہ کاروباروں کی بقا خطے میں پڑ جائے گی۔انہوں نے ٹیکس ایڈوائیزی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کمیٹی ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس سسٹم میں لانے کو ترجیح دی جا ئے۔انہوں نے کہا کہ آرٹی او نے ایف ٹین مرکز میں ایک کیمپ قائم کیا تھا تا کہ تاجروں کو ٹیکس نظام میں رجسٹر کیا جائے اور ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں ان کو سہولت دی جائے تاہم اس کو بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کیمپ تمام اہم مارکیٹوں میں لگائے جائیں تا کہ مزید تاجر ٹیکس نظام میں رجسٹر ہو سکیں۔چیف کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو دیکھیں گے۔
چیمبرکے سینئر نائب صدر فاد وحید نے رینٹل انکم پر زائد ٹیکس ریٹ اور سٹیل انڈسٹری کو درپیش انپٹ کے مسائل سے چیف کمشنر کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نوٹس بھیجنے، جبری اقدامات لینے اور ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹ سے رقوم نکالنے کی بجائے ایف بی آر ایک دوستانہ ٹیکس نظام تشکیل دے جو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ کسی بھی مارکیٹ یا تاجر کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے پہلے آر ٹی او آئی سی سی آئی کو اعتماد میں لے تا کہ باہمی افہام و تفہیم سے ایسے مسائل حل کئے جائیں اور ٹیکس کی ادائیگی میں محکمے سے تعاون کیا جائے۔
چیمبر کی ٹیکس کمیٹی کے کنوینر میاں محمد رمضان، پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد حسین، میاں وقاص مسعود، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی مختلف شعبوں کے ٹیکس مسائل سے چیف کمشنر کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مفید تجاویز دیں۔

اشتہار
Back to top button