بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

یونیورسٹی آف لکی مروت کا ایک اور علم دوست اقدام نورپورتھل میں ایم اے کے امتحانی مرکز کا قیام

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) یونیورسٹی آف لکی مروت کا ایک اور علم دوست اقدام نورپورتھل میں ایم اے کے امتحانی مرکز کا قیام ، عوامی سماجی اور تعلیمی حلقوں کا متعلقہ حکام کو زبردست خراج تحسن۔ لکی مروت یونیورسٹی کی طرف سے اینجلک پبلک سکول نورپورتھل میں ایم اے کا امتحانی سنٹر قائم کر کے امتحانی عمل کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں منظور اللہ خان کو بطور سپرنٹنڈنٹ اور اجمل خان کو بطور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ذمہ داریاں تجویز کی گئی ہیں جبکہ آفیسر علی خان کو نگران کے طور پر امتحانی مرکز پر تعینات کیا گیا ہے ۔ نورپورتھل میں قائم کردہ ایم اے کے امتحانی سنٹر میں مجموعی طور پر 76 طلباوطالبات ایم اے انگلش، اردو ،عربی، اسلامیات اور اکنامکس کا امتحان دے رہے ہیں ۔ اینجلک پبلک سکول نور پور تھل کے پرنسپل ملک محمد صابر وڈھل اور ملک محمد سکندر بگا کی طرف سے امتحانی سنٹر پر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ منظور اللہ خان کا کہنا تھا کہ لکی مروت یونیورسٹی شعبہ ء تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور وطن عزیز کے طلباءوطالبات یونیورسٹی کی علمی سہولیات بخوبی استفادہ سے حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے نور پور تھل میں امتحانی سنٹر پر بہترین انتظام و انصرام کرنے پر ملک محمد صابروڈھل اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہا ۔ دریں اثناء پی ٹی یو کے سب ڈویژنل رہنماوان ملک محمد اعظم چن اور ملک اظہارالحق سگو نے علاقہ تھل کے پسماندہ اور دور افتادہ مواضعات کے طلبہ و طالبات کے لیے نورپورتھل میں ایم اے کے امتحانی سنٹر کے قیام کو یونیورسٹی انتظامیہ کا علم دوست اور مستحسن اقدام قرار دیا ہے ۔

Back to top button