عدالتوں اور ججز کو اپنے فیصلوں کا معیار ایک رکھنا چاہیے، سعید غنی
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ عدالتوں اور ججز کو عام لوگوں اور عمران خان کیلئے فیصلوں کا معیار ایک رکھنا چاہیے۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے ایک ہفتہ سے جو واقعات ہو رہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں، عمران خان کارکنوں کو عدلیہ، پولیس اور اداروں کے خلاف اکسا رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، وہ جس انداز میں عدالتوں کے سامنے پیش ہو رہا ہے اس کی مثالیں بھی نہیں ملتیں، عمران خان نے ڈنڈا بردار فورس لاہور اور اسلام آباد میں بنا رکھی ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ پولیس پر پیٹرول بم، غلیلوں سے حملے کئے جا رہے ہیں، ان حملوں میں لاہور میں 60 جبکہ اسلام آباد میں 52 سے زائد پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے، عدالتوں کی جانب سے عمران خان کو دہشتگردی کی چھوٹ دی جاتی رہی تو وہ وہی کرے گا جو کر رہا ہے، عدالتیں اور ججز ہمارے لئے قابل احترام ہیں، عدالتوں اور ججز کو اپنے فیصلوں کا معیار ایک رکھنا چاہیے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ عام لوگوں کیلئے فیصلوں کا معیار اور ہو اور عمران خان کیلئے کچھ اور ہو، جہاں سے عمران خان کی مرضی کے مطابق فیصلے نہیں آتے وہ ان پر حملہ آور ہوتا، نقصان پہنچاتا ہے، ان کا اس وقت جو کردار ہے وہ پاکستان دشمنی پر مبنی ہے۔