بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

دارالعلوم انوار مصطفیٰ راہداری تھل کے زیر اہتمام سالانہ عظمت قرآن کانفرنس کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) دارالعلوم انوار مصطفیٰ راہداری تھل کے زیر اہتمام سالانہ عظمت قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں مفتی شیر محمد خان آف بھیرہ شریف اور تحریک منہاج القرآن کے رہنما پروفیسر علی اختر اعوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس عظیم الشان پروقار کانفرنس کی صدارت ممتاز عالم دین علامہ حاجی محمد اسلم الحسنی نے کی۔ دستارفضیلت کی شاندار عظیم الشان محفل میں حفاظ کرام سمیت دیگر مختلف شعبہ ہاءے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ اسلام کی سنہری تعلیمات ہمارے لئے مینارہ ء نور ہیں اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی فلاح دارین حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ والدین بہت خوش قسمت ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو قرآن مجید فرقان حمید حفظ کروایا ہے۔ علماءے کرام نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسلامی اقدار سے مزین کریں ۔ قبل ازیں دارالعلوم انوار مصطفی ا راہداری تھل کے پرنسپل مولانا عبدالستار نے خطبہ ء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے دارالعلوم کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور جملہ مہمانان گرامی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ دوران کانفرنس مفتی شیر محمد خان، پرفیسر اختر علی اعوان اور مولانا حاجی محمد اسلم الحسنی نے قرآن پاک حفظ کرنے والے طلباء کی دستار بندی بھی کروائی۔ آخر پر ملک و قوم اور عالم اسلام کی تعمیر و ترقی اور امن وخوشحالی کے لیے دعابھی مانگی گئ۔

اشتہار
Back to top button