بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حلقہ این اے 193میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنےکی پنجاب حکومت کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں 26 فروری کو ہونے والا ضمنی انتخاب ملتوی کرنےکی پنجاب حکومت کی درخواست مستردکردی۔پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست میں کہا تھا کہ امن و امان کی صورتحال خراب اور  تھریٹس ہیں ، دہشت گردی اور خود کش حملوں کا خدشہ ہے، پولنگ اسٹاف کو اغوا کیا جاسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست مستردکرتے ہوئےکہا کہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب شیڈول کے مطابق ہوگا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سکیورٹی خدشات کا اظہارکمشنر ڈیرہ غازی خان نے بذریعہ خط پنجاب حکومت سے کیا تھا، تمام انتظامات مکمل ہیں، الیکشن مقررہ دن ہی ہوگا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر، متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، رینجرز  اور پاک فوج کے حکام یا ان کے نمائندگان موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیےجا سکیں۔

خیال رہےکہ راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے193 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل ہوگی، یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے جعفر لغاری کےانتقال پر خالی ہوئی تھی۔حلقے کے 65 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار  حصہ لے رہے ہیں۔

اشتہار
Back to top button