بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جیل بھرو تحریک، راولپنڈی میں فیاض الحسن چوہان، زلفی بخاری، صداقت عباسی سمیت 100 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دیدی

 راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں فیاض الحسن چوہان ،زلفی بخاری، صداقت عباسی ، وحید قاسم اور اعجاز خان جازی سمیت 100 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔فیاض الحسن چوہان ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے، جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ ہی درخواستیں دیں گے۔

فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے، فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے بھی گرفتاری دی۔پولیس فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کارکنوں کو کمیٹی چوک سے پہلی قیدی وین میں لے کر روانہ ہوگئی۔

فیاض چوہان کی گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید، پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس اور عامر کیانی بھی گرفتاری دینے کمیٹی چوک پہنچے گئے، پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری، علامہ ناصر عباس نے گرفتاری دے دی جبکہ شیخ رشید گرفتاری دینے کے بجائے کمیٹی چوک سے گاڑی میں روانہ ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق 3 قیدی وینوں میں زیادہ سے زیادہ 90 افراد کی گنجائش موجود تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے تحت اب تک فیاض الحسن چوہان، صداقت عباسی، زلفی بخاری، علامہ راجہ ناصر عباس نے رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں۔

مزید پڑھیے  خرم لغاری نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا

گرفتاریاں دینے والوں میں لطاسب ستی، وحید قاسم، اعجاز خان جازی بھی شامل ہیں جبکہ شیخ رشید، شیخ راشد شفیق، راجہ راشد حفیظ، عامر محمود کیانی، واثق قیوم عباسی گرفتاری دئیے بغیر روانہ ہو گئے، جیل بھرو تحریک میں اب تک رضاکارانہ طور پر 100 کے قریب کارکنوں نے گرفتاری دی ہے۔

Back to top button